ڈچ سپر اسٹار کا قبول اسلام❤️
نیدر لینڈ (ہالینڈ) کے عالمی شہریت یافتہ سابق اسٹار اور انٹر میلان، میلان اور ریال میدرڈ کے مشہور فٹ بالر کلارنس سیدروف (Clarence Seedorf) نے اسلام قبول کرلیا۔ وہ کئی یورپی کلبوں کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ 4 مارچ بروز جمعہ انسٹاگرام پر انہوں نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور انہیں مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ ہالینڈ کے اسلامی مرکز میں آکر انہوں نے کلمہ پڑھ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے اسلام قبول کرنے پر بہت زیادہ روحانی مسرت حاصل ہوئی ہے۔ دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اسلام قبول کرکے میں دنیا کے کونے کونے میں موجود مسلم کمیونٹی کا حصہ بن گیا ہوں۔ زندگی کے اس بڑے فیصلے کے پیچھے میری محبوب بیوی صوفیہ کا ہاتھ ہے۔ وہ دبئی میں کچھ وقت گزار کر اسلام سے بہت متاثر ہوئیں اور مجھے بھی اس دینِ فطرت کو اپنانے پر موٹیویٹ کرتی رہیں۔ کلارنس سیدورف کا کہنا تھا کہ میں اپنا نام تبدیل نہیں کروں گا۔ الجزیرہ کے مطابق صوفیہ دبئی کے دورے میں وزارت مذہبی امور کا بھی دورہ کیا تھا۔ تاہم یہ اب معلوم ہوا کہ وہ اسلام سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ خود بھی مسلمان ہوگئیں اور اپنے شوہر کی ہدایت کا بھی ذریعہ بنیں۔ کلارنس سیدورف کی عمر45 سال ہے۔ وہ ہالینڈ کے علاوہ کیمرون کی بھی عالمی مقابلوں میں نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس کا شمار فٹبال کی تاریخ کے بہترین مڈفیلڈ پلیئرز میں ہوتا ہے۔ اپنے کریئر کے دوران وہ کئی القاب اور ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ جن میں UEFA چیمپئز لیگ کے چار ٹائٹل، ہالینڈ لیگ، یورپین سپر لیگ اور اٹالین لیگ کے دو دو اور کلب ورلڈ کپ کا ایک ٹائٹل شامل ہے۔ یہ دنیا کے وہ واحد کھلاڑی ہیں، جو UEFA Champions League جیتنے والے تین کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ جن میں ریال میدرڈ، میلان اور ایاکس ایمسٹرڈیم شامل ہیں۔ وہ 77 انٹرنیشنل مقابلوں میں ہالینڈ کی قومی ٹیم کا حصہ رہے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 2014ء میں یہ اسٹار کھلاڑی کھیلوں کی دنیا سے رخصت ہوئے۔ اللہ کریم نو مسلم کلارنس سیدروف کو دین حنیف پر استقامت عطا فرمائے اور انہیں دیگر مشاہیر کیلئے ہدایت کا ذریعہ بنائے۔

image